دمشق2؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شام میں باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقے میں روسی فضائیہ کاایک ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کے نتیجے میں پانچ روسی فوجی مارے گئے ہیں۔ یہ کارروائی ایک ایسے وقت پرکی گئی ہے جب داعش نے اپنے حامیوں کو روس میں حملوں کی ترغیب دی ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے روسی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ شامی صوبے ادلب میں ایک روسی ہیلی کاپٹر مار گرایاگیاہے۔ جس کے نتیجے میں اس میں سوارتمام فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ جہاں یہ ہیلی کاپٹر تباہ ہوا ہے، وہاں باغی گروہ فعال ہیں۔شام اوراس کے اتحادی ملک روس نے دعویٰ کیا ہے کہ محفوظ راہداری کا استعمال کرتے ہوئے درجنوں شہری اور باغی مشرقی حلب کے علاقوں سے نکل گئے ہیں۔ تاہم باغیوں نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹ قرار دیا ہے۔اس ہیلی کاپٹر کے حادثے کو شام میں کسی ایک دن میں روسی فوج کا ہونے والا سب سے بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق Mi-18 ملٹری ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹر کو اس وقت نشانہ بنایا گیا، جب وہ ادلب میں امدادی سامان فراہم کرنے کے بعدالاذقیہ صوبے میں واقع روسی ایئر بیس کی طرف واپسی کا سفر کر رہا تھا۔کریملن کے ایک ترجمان کے بقول، جتنی معلومات ہمیں دستیاب ہیں، ان کے مطابق اس ہیلی کاپٹر میں سوار تمام روسی مارے گئے ہیں۔ انہوں نے ہیروز کی طرح اپنی جان دی۔ ابھی تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق اس علاقے میں جہاں یہ ہیلی کاپٹر مار گرایا گیا ہے، وہاں زیادہ تر علاقہ امریکی نوازاعتدال پسند باغیوں اور ان کے اتحادیوں کے زیر قبضہ ہے۔اسی تازہ حادثے کی وجہ سے امریکا اور روس میں سفارتی کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے کیونکہ امکان ہے کہ یہ روسی ہیلی کاپٹر ان ہتھیاروں سے تباہ کیا گیا ہے، جو امریکیوں نے باغیوں کو دیے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ امریکا نے باغیوں کو ایسے اینٹی ٹینک میزائل بھی فراہم کر رکھے ہیں، جن سے ہیلی کاپٹرز کو بھی نشانہ بنایاجا سکتا ہے۔شام میں روسی ہیلی کاپٹر ایک ایسے وقت میں تباہ کیا گیا ہے جب شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے اتوارکے روز ہی یو ٹیوب پر نو منٹ دورانیے کی ویڈیو جاری کی، جس میں اس جہادی تنظیم سے وابستہ افراد کو روس کے خلاف جہاد کی ترغیب دی گئی ہے۔ایک نقاب پوش شخص اس ویڈیو میں کہتاسنائی دے رہا ہے، پوٹن، ہم تمہارے گھر میں گھس کر تمہیں ماریں گے۔ آزاد ذرائع سے ابھی اس پیغام کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ روس شام میں اسلامک اسٹیٹ، جسے داعش بھی کہا جاتا ہے، کے خلاف فوجی کارروائی میں حصہ لے رہا ہے۔
نیس حملہ، مزید ایک مشتبہ ملزم گرفتار
نیس2؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)فرانس کے شہر نیس میں گزشتہ ماہ ہوئے حملے کے سلسلے میں مزید ایک مشتبہ عسکریت پسند کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ فرانس کے مقامی میڈیا کے مطابق چھتیس سالہ ملزم کی تصاویر حملہ آور کے موبائل پر تھیں اور یہ دونوں قریبی دوست تھے۔ گرفتار کیے جانے والے ملزم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم اس پر مجرمانہ کارروائی میں شریک ہونے کے ساتھ ایک دہشت گرد تنظیم کا ساتھ دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ نیس میں ایک عسکریت پسند نے ایک مجمعے پر ٹرک چڑھاتے ہوئے چوراسی افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ حملہ آورپولیس کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔